حیدرآباد: پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ وسط مدتی انتخابات کے حالات پیدا ہو رہے ہیں تو ہم ان کی حمایت کریں گے ، معاشی ابتری تیزی سے بڑھ رہی ہے مگر حکمرانوں کو ادراک نہیں ۔
حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کر تےہوئےمصطفیٰ کمال نے کہا کہ اگر مڈٹرم الیکشن کے حالات پیدا ہوتے ہیں تو پی ایس پی اس کی پوری طرح حمایت کرے گی جن پارٹیوں کو مقبولیت کا زعم ہے نئے انتخابات میں انہیں اپنی مقبولیت کا پتہ چل جا ئے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی صورتحال انتہائی خراب ہے اور مستقبل قریب مزید خراب نظر ا ٓرہا ہے،حکمرانوں کو معاشی صورتحال کی خرابی کی شدت کا اندازہ نہیں اس لئے معاملات روزبروز بدتر ہوتے جارہے ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سندھ میں ہر شعبہ ابتری کا شکار ہے، کتے کے کاٹے کی ویکسین تک دستیاب نہیں، سندھ میں کتے کے کاٹنے سے 35 اموات ہو چکی ہیں جو ہولناک امر ہے ۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ دنوں رحیم یار خان میں پیش آنے والے سانحہ تیزگام ایکسپریس میں لاپتہ 8 افراد کے لواحقین ٹھوکریں کھا رہے ہیں لیکن انہیں اب تک اپنے پیاروں کی لاشوں کا پتہ نہیں چل سکا ،انتظامیہ لواحقین سے بدتر سلوکی کررہی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ سانحہ تیزگام میں میر پور خاص کے لاپتہ افراد کے مسئلہ کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر حل کیا جائے حکومت پاکستان اور ریلوے کے اعلیٰ حکام ان کے لواحقین کے کرب کو محسوس کریں اور میتوں کا پتہ چلایا جائے ۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ میں عوام کے مفادات اور مسائل کے لئے آواز اٹھاتا رہوں گا ، حیدرآباد اور معاشی حب کراچی میں مردم شماری میں ان شہروں کی آبادی کو کم شمار کیا گیا ہے ۔
کراچی کے تو 70 لاکھ لوگوں کا تو شمار ہی نہیں گیا جس کا اعتراف وزیر اعلیٰ نے بھی کیا ہے مگر اس کا سدباب نہیں کیا گیا ہے ،پی ایس پی اس مسئلہ پر سپریم کورٹ بھی گئی ہے۔