کرکٹ کے شائقین آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی فائنل کے ٹکٹ خریدنے میں شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں کیونکہ ٹکٹوں کی قیمتیں دوبارہ فروخت کرنے والے پلیٹ فارمز پر آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔
طلب بڑھنے کے باعث ٹکٹوں کی قیمت میں 1000 فیصد سے زائد اضافہ ہو چکا ہے جس کی وجہ سے بہت سے شائقین کے لیے انہیں خریدنا مشکل ہو گیا ہے۔
سب سے مہنگے اسکائی باکس ٹکٹ جن کی اصل قیمت 12ہزار درہم تھی، محض 40 منٹ میں فروخت ہو گئے۔
اب دوبارہ فروخت کی ویب سائٹس پر کچھ ٹکٹ 97ہزار درہم تک جا پہنچے ہیں جو 714 فیصد اضافہ ظاہر کرتے ہیں۔ ہزاروں کرکٹ شائقین اب بھی آن لائن ٹکٹ حاصل کرنے کی کوشش میں ہیں جس سے اس فائنل کی بے پناہ مقبولیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
بھارت پہلے ہی فائنل میں پہنچ چکا ہے، جبکہ اس کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا، یہ بڑا مقابلہ 9 مارچ کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا اور کرکٹ کے دیوانے بے صبری سے منتظر ہیں کہ کونسی ٹیم ٹرافی اپنے نام کرے گی۔
اگرچہ دوبارہ فروخت شدہ ٹکٹوں کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں لیکن کرکٹ کے شائقین کا جوش و خروش کم نہیں ہوا۔
بہت سے شائقین اب بھی امید رکھتے ہیں کہ وہ معقول قیمت پر ٹکٹ حاصل کر سکیں گے تاہم جس قدر ٹکٹوں کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے، یہ فائنل حالیہ برسوں کے مہنگے ترین اور سنسنی خیز کرکٹ مقابلوں میں شامل ہونے جا رہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








