چیف جسٹس یحیٰ آفریدی نے منصب سنبھالتے ہی سپریم کورٹ کی تمام عدالتوں کو لائیو اسٹریمنگ سروس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس نے سپریم کورٹ کے جج جسٹس محمد علی مظہر کو اس حوالے سے ٹاسک دے دیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت سپریم کورٹ کی تمام کورٹ رومز میں لائیو اسٹریمنگ سروس فراہم کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق لائیو اسٹریمنگ کی سروس چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی خصوصی ہدایات پر کی جا رہی ہے، لائیو اسٹریمنگ کی سروس سائلین کی رضامندی کے ساتھ مشروط ہوگی، کسی خاتون سائل کی رضامندی کے تحت کیس کی سماعت میں رازداری برتی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ لائیو اسٹریمنگ کی سروس کے تحت عدالت کی کارروائی تک دنیا بھر سے رسائی حاصل ہوگی، اس کے تحت اوورسیز پاکستانی سائلین بھی اپنے مقدمات کی سماعت براہِ راست دیکھ سکیں گے۔
ذرائع کے مطابق لائیو اسٹریمنگ سروس کے لیے مطلوبہ کیمرے سمیت دیگر آلات کی خریداری کے لیے جائزہ لیا جا رہا ہے، سروس کے لیے کمیٹی پروپوزل تیار کرکے حتمی منظوری کے لیے چیف جسٹس کو بھجوائے گی۔
خیال رہے کہ اس وقت سپریم کورٹ کے صرف کمرہ عدالت نمبر ایک میں لائیو اسٹریمنگ سروس فراہم کی گئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








