پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیراعلی محمود خان کی جانب سے نے صوبے بھر کے آئمہ کرام کو اعزازیہ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعلی محمود خان کی زیر صدارت محکمہ اوقاف کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے کے تقریبا 22 ہزار آئمہ مساجد کو 10 ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ان اعزازیوں پر ماہانہ تقریبا 22 کروڑ 72 لاکھ جبکہ سالانہ ڈھائی ارب سے زائد خرچ کئے جائیں گے۔
وزیراعلی کی خصوصی ہدایات پر صوبے میں ضم قبائلی اضلاع کے آئمہ مساجد کو بھی اعزازیہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ محمود خان نے ہدایت کی کہ اگلے مالی سال کے آغاز سے آئمہ کرام کو اعزازیوں کی فراہمی کے لئے تمام تر انتظامات ہر لحاظ سے مکمل کئے جائیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے یہ بھی ہدایت کی کہ صوبے بھر کے مساجد اور مدارس کو شمسی توانائی کی فراہمی کے علاوہ ان کی دیگر ضروریات بھی ترجیحی بنیادوں پر پورے کی جائیں۔