پیپلز پارٹی کے یو سی چیئرمین کے دفتر کے سامنے کھلے مین ہول میں بچہ گرگیا! ویڈیو وائرل

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن رحمت چوک میں ایک معصوم بچہ پیپلز پارٹی کے مقامی یو سی چیئرمین کے دفتر کے سامنے کھلے مین ہول میں جا گرا جس کی ویڈیو سی سی ٹی وی میں محفوظ ہو گئی اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ خوش قسمتی سے بچے کو فوری طور پر محفوظ نکال لیا گیا اور کوئی بڑا حادثہ ہونے سے بچ گیا۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کھیلتے ہوئے بچہ اچانک مین ہول میں گر گیا مگر اس نے ہمت نہیں ہاری اور فوری طور پر شور مچایا۔ اس کے ساتھی بچے نے فوری ردعمل دکھایا اور اسے مین ہول سے باہر نکالنے میں مدد کی۔ شور سن کر علاقے کے مکین بھی فوراً موقع پر پہنچے اور بچے کی جان بچنے پر راحت کا سانس لیا۔

مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ مین ہول پیپلز پارٹی کے یو سی چیئرمین کے دفتر کے بالکل سامنے موجود ہے اور رحمت چوک سے علی گڑھ تک کھلے نالوں اور مین ہولز کی ابتر صورتحال برقرار ہے جو کسی بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔

علاقہ مکینوں نے شکایت کی کہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے مرمت کے لیے متعدد درخواستیں دی گئی ہیں لیکن انتظامیہ کی جانب سے کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔ جب یو سی چیئرمین سے رابطہ کیا جاتا ہے تو وہ کہتے ہیں کہ درخواستیں میئر کراچی کو بھیج دی گئی ہیں۔

مقامی شہریوں نے میئر کراچی اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس خطرناک کھلے مین ہول اور غفلت کا فوری نوٹس لیا جائے اور مرمت کے اقدامات جلد مکمل کیے جائیں تاکہ مستقبل میں کسی بچے یا شہری کو جان کا نقصان نہ پہنچے۔

Related Posts