اسلام آباد: وزارتِ تجارت کے حکام نے کہا ہے کہ چین نے پاکستان سے گدھے اور کتے درآمد کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
ذیشان خانزادہ کی زیرِ صدارت گزشتہ روز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزارت تجارت کے حکام نے ملکی برآمدات اور درآمدات پر بریفنگ دی۔
حکام وزارتِ تجارت نے کہا کہ چین پاکستان سے گدھے درآمد کرنے کا خواہاں ہے، رکن کمیٹی دنیش کمار نے کہا چین کہتا ہے پاکستان گدھے اور کتے برآمد کرے، سینیٹر عبدالقادر نے کہا چینی سفیر کئی بار گوشت برآمد کرنے کا بھی کہہ چکے ہیں۔
خصوصی اجلاس میں افغانستان سے جانور درآمد کرنے اور بلوچستان سے مچھلی کی اسمگلنگ پر بھی بات ہوئی، رکن کمیٹی مرزا آفریدی نے افغانستان سے جانور درآمد کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں جانور سستے ہیں اور خریدار نہیں ہیں، پاکستان افغانستان سے جانور درآمد کرکے گوشت برآمد کر سکتا ہے۔ تاہم وزارت تجارت کے حکام نے کہا کہ لمپی اسکن کے باعث افغانستان سے جانور درآمد کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
اجلاس میں کمیٹی ارکان نے کہا کہ بلوچستان سے پاکستانی مچھلی اسمگل ہو رہی ہے، جس سے قومی خزانے کو اربوں ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستانی ماہی گیر مچھلیاں پکڑ کر غیر ملکی ٹرالرز کو وہاں ہی فروخت کر دیتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








