بڑی خبر، چین 3 پاور پلانٹس مقامی کوئلے پر منتقل کرنے کیلئے رضامند

تازہ ترین

تازہ ترین

پاور پلانٹ
(فوٹو: سی پیک)

چین نے امپورٹڈ کوئلے سے چلنے والے اپنے 3 پاور پلانٹس کو مقامی کوئلے پر منتقل کرنے کیلئے رضامندی ظاہر کی ہے۔ تینوں پاور پلانٹس پاکستان کیلئے مہنگی ترین بجلی پیدا کرتے ہیں۔

نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کا ذرائع کے حوالے سے دعویٰ ہے کہ چین امپورٹڈ کوئلے سے چلنے والے 3 پاور پلانٹس کو مقامی کوئلے پر تبدیل کرنے کیلئے راضی ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر توانائی اویس لغاری کے دورۂ چین کے دوران اہم پیشرفت سامنے آگئی۔

ہمسایہ ملک کی ژی جن پنگ حکومت نے پاکستانی وفد کو تینوں کول پاور پلانٹس کو ری پروفائل کرنے کے حوالے سے مثبت جواب دیا۔ نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق مذکورہ پاور پلانٹس میں ساہیوال، حب اور پورٹ قاسم کے پاور پلانٹس شامل ہیں جو فی کس 1320 میگا واٹ بجلی پیدا کرتے ہیں۔

تینوں پاور پلانٹس کی پاکستان کیلئے بجلی کی مجموعی پیداوار 3 ہزار 960 میگا واٹ بنتی ہے۔ پاک چین حکام نے امپورٹڈ کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس کے معاملات کو آگے بڑھانے کا طریقہ کار بھی طے کرلیا ہے۔ تینوں پاور پلانٹس کی کنورژن اور ری پروفائلنگ پر پاک چین ملاقاتوں کاسلسلہ جاری رہے گا۔

دوسری جانب چین کی طرف سے پاکستانی وفد کو پانڈا بانڈز کے معاملے پر بھی مکمل حمایت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی گئی ہے۔ خیال رہے کہ امپورٹڈ کوئلے کی جگہ مقامی کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس کی موجودگی سے پاکستان کو بھاری زرِ مبادلہ کی بچت کی توقع ہے۔

Related Posts