وزیراعظم پاکستان عمران خان نے وفاقی کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ عسکری قیادت کے ساتھ چین کا دور ہ کیا۔
دورہ میں وزیراعظم عمران خان اورچینی صدر شی جن پنگ کی وفود کی سطح پر ہونے والی ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال، علاقائی سیکورٹی، دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات میں مسئلہ کشمیر کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان چینی مفادات پراس کی بھرپور حمایت کرتا رہے گا۔
دونوں رہنماؤں نے خوشگوار ماحول میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور بین الاقوامی مسائل پر بات چیت کی اورباہمی تعلقات مزید مضبوط اور اور وسیع تر کرنے پر اتفاق کیا۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت سے آگاہ کیا مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی کی جارہی ہے۔
، دو ماہ سے لاکھوں کشمیریوں کے مسلسل لاک ڈاؤن نے انسانیت سوز صورتحال پیدا کر رکھی ہے، خطے میں امن کے لیے مقبوضہ کشمیر سے کرفیو فوری ہٹایا جائے۔ وزیر اعظم پاکستان کا کہناتھا کہ چین پاکستان کا ثابت قدم اتحادی اور شراکت دار ہے، چین نے ہمیشہ قومی مفادات پر پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔
، پاکستان چینی مفادات پراس کی بھرپور حمایت کرتا رہے گا۔ چین پاکستان کی اقتصادی ترقی اور اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ چینی صدر کا بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ پاکستان اور خطے کی اقتصادی صورتحال میں تبدیلی اور خوشحالی لائے گا، سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اس موقع پر چینی صدر نے کہا کہ چین کے پاکستان کے ساتھ تعلقات مضبوط اور مستحکم ہیں۔ مستقبل میں پاک چین تعلقات مزید گہرے اور مضبوط ہوں گے۔ پاکستان کی خودمختاری اورعلاقائی سلامتی کےلیے غیرمتزلزل حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے سماجی و معاشی ترقی پر مبنی حکومتی ایجنڈے اور سی پیک منصوبوں میں تیزی لانے پر پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
، انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے قومی اور علاقائی معاشی ترقی کے عمل میں مدد ملے گی۔ معاشی اصلاحات کے ذریعے پاکستان مستحکم معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
اس کے علاوہ دونوں رہنماؤں نے پر امن اور مستحکم افغانستان کے خطے کی معاشی ترقی میں کردار پر اتفاق کیا۔ یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت کے حوالے سے آرٹیکل 370اور 35Aختم کئے جانے کے بعد چین نے پوری طرح کھل کر پاکستان کی حمایت کا اعلان کیا تھا اور اب بھی چین نے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ:
چینی وزارت خارجہ نے بھی پاکستان اور بھارت پرمذاکرات سے مسئلہ کشمیرحل کرنے پر زوردیاہے۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ کامیڈیا کوبریفنگ دیتے ہوئے کہناتھاکہ امید ہے کہ پاکستان بھارت مسئلہ کشمیر سمیت تمام اختلافات مذاکرات سےحل کریں گے اور خطے کےدیگرممالک اور عالمی برادری کو پاکستان بھارت سے یہی توقع ہے۔
،مذاکرات سے باہمی تعلقات کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ مسئلہ کشمیر پر چین کی پوزیشن واضح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت مذاکرات خطے اور عالمی برادری کے مفاد میں ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان پر جب بھی کوئی مشکل وقت آیا تو دیگر دوست ممالک کے مقابلے میں چین سب سے پہلے پاکستان کی حمایت میں کھڑا نظرآتا ہے ۔
اب ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان میں موجود تمام سیاسی جماعتیں بھی اپنے اختلافات کو پس پشت ڈال کر کشمیر کے مسئلے کے موثر حل کیلئے حکومت کیساتھ ملکر آوازاٹھائیں۔
حکومت دیگر دوست ممالک کو بھی کشمیر کے مسئلےکے حل کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالنے کیلئے قائل کرے تاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر سے کرفیو ختم اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں





