چینی ملکیتی عالمی ای کامرس پلیٹ فارم “علی بابا” نے پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے بین الاقوامی تجارت کو آسان اور مؤثر بنانے کے لیے خصوصی آن لائن لاجسٹک سروسز متعارف کرا دی ہیں۔
جیسے جیسے سرحد پار ای کامرس کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے، پاکستان کی چھوٹی اور درمیانے درجے کی کمپنیاں بھی عالمی منڈیوں تک رسائی کی خواہشمند ہیں، تاہم ان کو لاجسٹک مسائل کا سامنا ہوتا ہے جو برآمدات کے عمل کو پیچیدہ بنا دیتے ہیں۔ اسی چیلنج سے نمٹنے کے لیے علی بابا نے مربوط لاجسٹک حل فراہم کیے ہیں جو برآمدی عمل کو مؤثر، کم خرچ اور تیز تر بناتے ہیں۔
اس اقدام کی حمایت میں علی بابا نے معروف بین الاقوامی ایکسپریس ڈلیوری کمپنیوں، بشمول CPEX کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔ اس تعاون کی بدولت پاکستانی مصنوعات 200 سے زائد ممالک اور خطوں تک مؤثر “اینڈ ٹو اینڈ” لاجسٹک سروسز کے ذریعے پہنچائی جاسکیں گی، جن میں پیکجنگ، ویئرہاؤسنگ اور آخری منزل تک ترسیل شامل ہیں۔
علی بابا اپنے مضبوط لاجسٹک نیٹ ورک کے ذریعے محفوظ نقل و حمل، حقیقی وقت کی ٹریکنگ اور کسٹمز سے متعلق ماہر مشورے فراہم کرتا ہے، جس سے کاروبار خطرات کو کم کرتے ہوئے عالمی سطح پر اپنی مسابقت میں اضافہ کر سکتے ہیں۔
علی بابا کی گلوبل سپلائی چین کی سربراہ، سمر گاؤ نے کہا کہ علی بابا جدید ٹیکنالوجی اور مکمل لاجسٹک سلوشنز کی مدد سے پاکستانی SMEs کو متحرک رکھنے، عالمی طلب پوری کرنے اور پائیدار ترقی حاصل کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








