اسلام آباد، پاکستانی ثقافت پر چینی لڑکی کی دستاویزی فلم کی نمائش

تازہ ترین

تازہ ترین

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستانی ثقافت پر چینی لڑکی کی تیار کردہ مختصر دستاویزی فلم تھریڈز آف فرینڈ شپ: اے چائنیز گرلز ایڈونچر ان کی نمائش کی گئی، دستاویزی فلم کو اردو زبان میں پیش کیا گیا۔

دستاویزی فلم کی نمائش کے موقع پر مقررین نے چین کو پاکستان کا قریبی دوست قرار دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کئی دہائیوں پر محیط دوستی کے بندھن میں جڑے ہوئے ہیں۔

دستاویزی فلم چائنا میڈیا گروپ (سی ایم جی) اور 101 فرینڈز آف چائنا کا مشترکہ منصوبہ ہے، جو اسلام آباد میں قائم ایک میگا اسٹریٹجک تھنک ٹینک ہے جسے آنجہانی ایڈیٹر زاہد ملک نے 2014 میں قائم کیا تھا۔

22 منٹ کی مختصر فلم میں چائنا میڈیا گروپ (سی ایم جی) اردو سروس کی ڈائریکٹرنورین ( چینی نام – ناؤ لنگ) نے پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کیا، انہوں نے اپنے سفر کا آغاز فیصل مسجد سے کیا، مختصر فلم میں انہوں نے نیشنل انکیوبیشن سینٹر کا بھی دورہ کیا۔

نورین نے کہا کہ پاکستان عجوبوں سے بھرا ملک ہے۔ مزید برآں دستاویزی فلم کے اختتام پر انہوں نے پیغام دیا کہ میرا سفر ابھی شروع ہوا ہے اور جلد ہی میں پاکستان کے مزید دلکش نظاروں کے ساتھ واپس آؤنگی۔

اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے داخلہ جواد سہراب ملک مہمان خصوصی تھے۔ نمایاں مہمانوں میں چینی سفارت خانے کے پریس اتاشی لیو چانگ بھی شامل تھے۔

جواد سہراب ملک نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ چین کے ساتھ اپنی دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے سیاحت کے شعبے میں واقعی ایک بہت بڑی صلاحیت موجود ہے جس سے فائدہ اٹھانا ضروری ہےجس کی نورین اور فہد نے دستاویزی فلم کے ذریعے سے عکاسی کرنے کی کوشش کی ہے۔

Related Posts