دنیا کے سب سے بلند پولو گراؤنڈ شندور میں سالانہ پولو ٹورنامنٹ کے فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد دفاعی چیمپئن چترال نے گلگت کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔
پولو کا فائنل میچ دیکھنے اوراختتامی تقریب میں شرکت کے لیے ملک بھر سے سیاحوں کی بڑی تعداد شندور کے مقام پر پہنچی۔
گذشتہ روز چترال سی اور گلگت سی کے درمیان میچ میں گلگت سی نے چترال سی کو 3 گول کے مقابلے میں 6 گو ل سے ہرا دیا جبکہ دوسرے میچ میں چترال بی اور گلگت بی کے درمیان میچ کھیلا گیا جس میں چترال بی نے گلگت کوپانچ گول کے مقابلے میں 9 گول سے شکست دی۔
تیسرا میچ چترال آفیسرز اور گلگت آفیسرز کے درمیان کھیلا گیا جس میں گلگت آفیسرز نے چترال آفیسرز کو ایک مقابلے میں دو گول سے شکت دیدی، جبکہ فائنل چترال اے اور گلگت اے کے درمیان ہوا، جس میں چترال اے نے گلگت اے کو شکست دے دی۔
میچ کے دوران پیراگلائیڈنگ اور روایتی چترالی اور گلگتی ڈانس کا بھی شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی علاقے کا مقبول سہ روزہ شندور فیسٹول اختتام کو پہنچا۔