اوول ٹیسٹ کا پہلا دن: انگلینڈ کو بڑا دھچکا، کرس ووکس زخمی، ذمہ داری ایٹکنسن پر آگئی

تازہ ترین

تازہ ترین

Chris Woakes injured as England-India Test series finale kicks off at The Oval
ONLINE

اوول، لندن میں بھارت اور انگلینڈ کے درمیان جاری پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے روز بارش کے باعث کھیل میں رکاوٹیں آئیں تاہم بھارت نے ابتدائی مشکلات کے باوجود چھ وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنا کر دن کا اختتام کیا۔ کارون نائر 52 اور واشنگٹن سندر 19 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔

بھارت کی جانب سے کھیل کا آغاز مایوس کن رہا جب محض 38 رنز پر دو اہم وکٹیں گر گئیں۔ یشسوی جیسوال صرف دو رنز بنا سکے جبکہ کے ایل راہول بھی 14 رنز کے بعد کریز چھوڑ گئے۔

ان وکٹوں کا کریڈٹ انگلینڈ کے فاسٹ باؤلر گس ایٹکنسن اور جوش ٹنگ کو جاتا ہے جنہوں نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ایٹکنسن نے شاندار واپسی کرتے ہوئے نہ صرف جیسوال کو ایل بی ڈبلیو کیا بلکہ شبھ من گل کو رن آؤٹ بھی کیا، جو سیریز کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر رہے ہیں۔

کارون نائر کی نصف سنچری جو 2016 کے بعد ان کی پہلی پچاس رنز کی اننگز ہے، بھارت کے لیے سہارا بنی۔ ان کی پُر اعتماد بیٹنگ نے یہ ثابت کیا کہ بھارت سیریز میں بار بار بحران کے بعد بھی سنبھلنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جیسا کہ اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میں بھی دیکھا گیا۔

انگلینڈ کو دن کے آخر میں ایک بڑا دھچکا اس وقت لگا جب تجربہ کار فاسٹ باؤلر کرس ووکس فیلڈنگ کے دوران گرتے ہوئے زخمی ہو گئے۔

شبہ ہے کہ ان کا کندھا اپنی جگہ سے ہٹ گیا ہے۔ وہ میدان سے باہر چلے گئے اور ان کے بازو کو جرسی سے بنایا گیا ایک عارضی سہارا دیا گیا۔ ٹیم انتظامیہ کے مطابق ووکس کا دوبارہ کھیلنا مشکل دکھائی دیتا ہے۔

یہ انجری اس لیے بھی زیادہ تشویشناک ہے کہ انگلینڈ پہلے ہی بین اسٹوکس، جوفرا آرچر اور بریڈن کارس جیسے اہم باؤلرز کے بغیر میدان میں اترا ہے اور اب ووکس کی غیر موجودگی سے ان کا واحد تجربہ کار باؤلر بھی ٹیم سے باہر ہو گیا ہے۔

بارش سے متاثرہ پہلے دن کے اختتام پر گس ایٹکنسن نے امید ظاہر کی کہ اگر کل ابتدائی وکٹ جلد حاصل ہو گئی تو انگلینڈ کو اچھا آغاز ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ 6 وکٹیں لے لینا ہمارے لیے مثبت ہے، اب ایک اور وکٹ ہمیں میچ میں مکمل واپس لا سکتی ہے۔

یہ ٹیسٹ میچ سیریز کے لیے فیصلہ کن حیثیت رکھتا ہے، جہاں انگلینڈ کو 1کے مقابلے 2 کی برتری حاصل ہے جبکہ بھارت کو سیریز برابر کرنے کے لیے ہر صورت یہ میچ جیتنا ہوگا۔

Related Posts