وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائمز سیل نے فیصل آباد میں کارروائی کرکے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ادارے کے خلاف سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے والے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کے مطابق جڑانوالہ کے رہائشی ملزم ملک مبین نے اپنی فیس بک آئی ڈی کے ذریعے سوشل میڈیا پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ادارے کے خلاف پوسٹ کی تھی۔
ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا گیا۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سینیئر سول جج کریمنل ڈویژن نے ملزم کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
اس سے قبل ایف آئی اے نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کی جعلی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر پھیلانے والے ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔
ان ملزمان نے مصنوعی ذہانت (AI) کا استعمال کرتے ہوئے یہ مواد تیار کیا تھا۔ ابتدائی طور پر ایف آئی اے نے 20 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نشاندہی کی تھی جو اس جعلی مواد کی تشہیر میں ملوث تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








