کراچی کے علاقے کلفٹن میں بینک سے رقم نکلوانے والے شہری کے ساتھ ڈکیتی ہوئی ہے، مسلح ڈاکو 17 لاکھ روپے کی خطیر رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ کراچی کے علاقے کلفٹن کے بلاک 7 میں پیش آیا ، جہاں ڈاکوؤں نے مبینہ طور پر بینک سے کیش نکلوانے والے شہری کے ساتھ اسلحے کے زور پر لوٹ مار کی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ تھانے کی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ملزمان کے خلاف تفتیش کا آغاز کردیا۔
کلفٹن پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ شہری نجی کمپنی کا ملازم ہے۔ بینک سے رقم نکلوا کر پیدل دفتر کی طرف جارہا تھا کہ اسی دوران رہزنی کا یہ واقعہ پیش آیا۔ متاثرہ شہری کا آفس بینک کے قریب ہی واقع ہے۔ بینک سے آفس کی جانب جاتے ہوئے ڈاکوؤں نے اسے یرغمال بنالیا اور 17لاکھ روپے کی رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تلاش اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔سی سی ٹی وی فوٹیجز اور موقعے پر موجود گواہان کے بیانات سے مدد لی جارہی ہے تاکہ ملزمان کا جلد از جلد سراغ لگایا جاسکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








