صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر مردان میں کورونا وائرس میں مبتلا کراچی سے آیا ہوا شہری علاج کے بعد صحت یاب ہوگیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں صوبائی وزیرِ صحت و خزانہ تیمور خان جھگڑا نے کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے غفور نامی شہری کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ غفور کا کورونا وائرس کیلئے ٹیسٹ کیا گیا تو مثبت نکلا جس کے بعد مردان میں اس کا علاج ہوا۔
خیبرپختونخواہ کے وزیرِ صحت تیمور خان جھگڑا نے کہا کہ مردان میں زیرِ علاج رہنے کے بعد غفور کا آج ٹیسٹ کیا گیا جو منفی نکلا اور اب غفور اپنے گھر واپس جانے کے لیے تیار ہے جبکہ غفور کا ہم سب کے لیے پشتو میں ایک پیغام ہے جو میں اُس کی اجازت سے شیئر کر رہا ہوں۔
صوبائی وزیرِ صحت نے کہا کہ غفور کا یہ ویڈیو پیغام ڈاکٹر ضیاء الرحمٰن نے ریکارڈ کیا ہے جو مردان میں ایک ڈاکٹر کی حیثیت سے وطن کی خدمت کر رہے ہیں جبکہ خود ان کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور وہ غفور کے ساتھ ہیں۔
https://twitter.com/Jhagra/status/1247809964053352453
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آج مزید 16 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔ صوبے بھر میں صحت یاب ہونے والوں کی کُل تعداد 309ہوگئی جوایک اچھی خبر ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے گزشتہ روز جاری کردہ ویڈیو بیان میں کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق عوام کو آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ کل تک 9589 ٹیسٹ کئے گئے تھے اور آج مزید 634 ٹیسٹ کیے ہیں۔ اب تک ہونے والے ٹیسٹس کی تعداد 10223 ہوگئی ہے۔
مزید پڑھیں: سندھ میں کورونا وائرس سے 309 افراد صحتیاب
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








