کراچی: پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے شہریوں کو صحت کی سہولیات کے علاوہ غیر ضروری طور پر اسپتال نہ جانے کا مشورہ دیا ہے، پی ایم اے کا کہنا ہے کہ رش کی وجہ سے لوگ کورونا کا شکار ہوسکتے ہیں۔
کراچی میں منعقدہ اجلاس کے بعد صوبے میں کورونا وائرس کی صورتحال سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے۔
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کاکہنا ہے مصروف اسپتالوں اوراو پی ڈیز میں بھیڑ کی وجہ سے کورونا وائرس پھیلنے کا بھی زیادہ خطرہ ہے، پی ایم اے نے مریضوں کے علاوہ دیگر شہریوں کو اسپتالوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
پی ایم اے نے لوگوں کو گھر پر ہی رہنے اور دوسروں سے ملنے گریز اور بار بار ہاتھ دھونے کا مشورہ دیا ہے۔ پی ایم اے کا کہنا ہے کہ اگر کسی انسان میں علامات ظاہر ہوں توہیلپ لائن کے ذریعے ڈاکٹر سے رابطہ کریں اور ان کے مشورے پر عمل کریں۔
پی ایم اے کا کہنا ہے کہ شادی ہالوں ، اسکولوں ، کالجوں اور ایکسپو سنٹر جیسی جگہوں کو قرنطینہ کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے اور کورونا وائرس کی تصدیق کے لئے دو قسم کے ٹیسٹ موجود ہیں لیکن یہ دونوں ٹیسٹ ڈاکٹر کے مشورے پر کیے جانے چاہئیں۔
مزید پڑھیں:کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے سرگرم عالمی ادارہ صحت کے 2ملازمین کورونا کا شکار
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








