راولپنڈی میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ کرنے دینے پر احتجاج کرتے ہوئے فیکٹری ناکے پر دھرنا دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیر اعلیٰ کے پی کے سہیل آفریدی نے کہا کہ جب تک بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرائی جاتی، دھرنا جار ی رہے گا۔
اس سے قبل راولپنڈی کی تاریخی اڈیالہ جیل کے قریب گورکھپور ناکے پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا پولیس اہلکاروں کے ساتھ مختصر مکالمہ ہوا ۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ 8ویں مرتبہ جیل آئے لیکن انہیں عمران خان کے ساتھ ملنے نہیں دیا گیا۔
صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میں صوبے کے ساڑھے 4 کروڑ عوام کا نمائندہ ہوں اور عدالتی احکامات کے باوجود ملاقات سے روکا جارہا ہے، جس پر تشویش ہے۔ اندر کون موجود ہے اور ملاقات کیوں نہیں کرنے دے رہے؟
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے مطالبہ کیا کہ تحریری طور پر بتایا جائے کہ عدالتی حکم پر عمل کیوں نہیں ہو رہا اور راستہ روکنے کی وجہ کیا ہے۔اس طرزِ عمل کے ساتھ ایک صوبے سے امتیازی سلوک کا تاثر جنم لے رہا ہے اور یہ صورتحال فاصلوں کو مزید بڑھا دے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








