گڑبڑ کرنے والوں کی خیر نہیں، خبردار وزیراعلیٰ خود نگرانی کر رہی ہیں، عظمیٰ بخاری کا انتباہ

تازہ ترین

تازہ ترین

عظمیٰ بخاری
صوبائی وزیرعظمیٰ بخاری، فائل فوٹو

وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں پھلوں، سبزیوں اور دالوں کی قیمتیں مکمل طور پر کنٹرول میں ہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر فی الحال کوئی خاص منفی اثر نہیں پڑا ہے۔

اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز  خود پرائس کنٹرول کے معاملات کی براہِ راست نگرانی کر رہی ہیں۔ محکمہ پرائس کنٹرول اور پیرا (PERA) کی ٹیمیں مسلسل فیلڈ میں متحرک ہیں تاکہ بازاروں میں اشیائے خورونوش کی سرکاری نرخوں پر فروخت کو یقینی بنایا جا سکے۔

عظمیٰ بخاری نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ حکومت کسی کو بھی ناجائز منافع خوری یا ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایات ہیں کہ حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے ریلیف پیکجز کے ثمرات نچلی سطح تک ہر صورت پہنچنے چاہئیں، کیونکہ مریم نواز  عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہیں۔

 وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت مہنگائی کی صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور عوام کو بنیادی ضروریات کی اشیاء مناسب داموں فراہم کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

Related Posts