گل پلازہ سانحہ:وزیر اعلیٰ کا جاں بحق افراد کے لواحقین کو 1کروڑ دینے کا اعلان

تازہ ترین

تازہ ترین

وزیر اعلیٰ
(فوٹو: آن لائن)

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے گل پلازہ سانحے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو 1کروڑ روپے فی خاندان دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گل پلازہ کی عمارت مخدوش ہے، شاید گرانی پڑے۔ واقعے سے 80 کے قریب لوگ متأثر ہوئے ہیں۔

تفصیلات کےمطابق وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گل پلازہ سانحے میں اب تک 15افراد جاں بحق، 65 لاپتہ جبکہ 22زخمی ہوئے ہیں۔ فائر فائٹر جوان فرقان علی آتشزدگی کے دوران شہید ہوا جس کے والد بھی فائر فائٹر تھے اور شہید ہوئے تھے۔ گل پلازہ کی عمارت 40فیصد مکمل تباہ ہوچکی ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گل پلازہ کے واقعے پر ہم سب غمگین ہیں۔ عمارت کے ملبے سے جاں بحق افراد کی تلاش جاری ہے تاکہ ان کے لواحقین کے غم میں کچھ کمی ہو۔ ہم ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ ہمارے ادارے لاپتہ ہوجانے والے 65افراد کی تلاش کر رہے ہیں اور ہماری فوری کوشش ہے کہ انہیں تلاش کرلیا جائے۔

وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ میں میڈیا کے توسط سے درخواست کرتا ہوں کہ ہر وہ ادارہ جو ہماری مدد کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، وہ ہمارا ساتھ دے۔ میں خود کہہ رہا ہوں کہ ایسے موقعے پر کسی کو بلانے کی ضرورت نہیں۔ آپ کو خود سامنے آ کر مدد کرنی پڑتی ہے۔ میں نے کابینہ کے وزیروں اور تاجر برادری سے بھی اس معاملے پر مشارت کی ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ کسی کی جان کی کوئی قیمت نہیں ہوتی۔ ہم جاں بحق افراد کے غم کا ازالہ نہیں کرسکتے، لیکن جو لوگ جاں بحق ہوئے، ان کے لواحقین کو 1 کروڑ دیں گے اور رقم دینے کا سلسلہ کاغذی کارروائی کی تکمیل کے ساتھ ہی کل سے شروع ہوجائے گا۔ میں نے کمشنر صاحب سے کہا ہے کہ وہ تفصیلات حاصل کرکے رقم کی تقسیم شروع کریں۔

Related Posts