آرمی چیف اور سعودی ولی عہد کا سیکورٹی تعاون بڑھانے کا عزم

تازہ ترین

تازہ ترین

COAS and Saudi Crown Prince discuss mutual cooperation on security and regional issues

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر اور سعودی ولی عہد و وزیر اعظم محمد بن سلمان نے سعودی عرب میں ایک ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اس ملاقات کے بارے میں آئی ایس پی آر نے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ جنرل عاصم منیر سرکاری دورے پر سعودی عرب میں موجود ہیں۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے سعودی ولی عہد کے ساتھ اہم معاملات پر تفصیلی گفتگو کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اور سعودی وزیر اعظم نے علاقائی امن، دفاعی اور سیکورٹی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر بات چیت کی اور دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔

آرمی چیف نے پاکستان کے لیے سعودی ولی عہد کے بے مثال تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں ان کے کردار کو سراہا۔ آرمی چیف نے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے بھی الگ ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے چیف آف آرمی اسٹاف کے ساتھ مل کر دفاع اور سیکورٹی کے شعبے میں مزید تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

آرمی چیف نے وزیر دفاع کے معاون انجینئر طلال عبداللہ القتیبی، رائل سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف ایئر چیف مارشل فیاض بن حامد بن رقیب الرویلی اور رائل سعودی لینڈ فورسز کے چیف لیفٹیننٹ جنرل فہد بن سعود الجہانی سے بھی ملاقاتیں کیں۔

Related Posts