کراچی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی میں امن و استحکام برقرار رکھنے میں سندھ رینجرز کی کاوشوں کو سراہا ہے اور ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی میں پاکستان رینجرز سندھ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں ان کا استقبال میجر جنرل عمر احمد بخاری نے کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سندھ رینجرز کے کردار کو سراہا اور قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا، آرمی چیف نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔
اس سے قبل آرمی چیف نے کراچی میں 48 ویں بیسک ایوی ایشن سیکورٹی کورس پاسنگ آؤٹ پریڈ میں بھی شرکت کی ، جہاں ان کا استقبال ڈائریکٹر جنرل ایئرپورٹ سیکورٹی فورس میجر جنرل ظفر الحق نے کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ ایئرپورٹ سیکورٹی فورس کے جوانوں کی تربیت سے پاکستان میں ہوا بازی کے تحفظ کے معیار میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے اے ایس ایف کی تربیت اور کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور فورس میں خواتین کی شرکت کو بھی سراہا۔