راولپنڈی: یومِ دفاع کی رواں برس 6ستمبر کو ملتوی کی گئی تقریب آج ہوگی جو سیلاب کے باعث ملتوی کردی گئی تھی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ خطاب کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق آئندہ 1 ہفتے میں سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ یومِ دفاع کی تقریب سے الوداعی خطاب کریں گے۔ یومِ دفاع کی تقریب ملک بھر میں سیکڑوں افراد کی جان لینے والے سیلاب کے باعث ملتوی کردی گئی تھی۔
پاک فوج نے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے ریسکیو اور امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ آج یومِ دفاع کی تقریب آرمی آڈیٹوریم میں منعقد ہورہی ہے جس سے آرمی چیف کا خطاب ہوگا۔
ملک بھر میں شدید بارشوں اور قومی تاریخ کے بد ترین سیلاب کے باعث بڑے پیمانے پر جانی ومالی نقصان ہوا۔ وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف نے عالمی برادری کی جانب سے امداد کا شکریہ ادا کیا تھا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے کی جانے والی ریسکیو اور بحالی کی کارروائیوں کا جائزہ لینے کیلئے ذاتی دلچسپی لیتے رہے اور سیلاب زدہ علاقوں کے متعدد دورے بھی کیے تھے۔
سیلاب سے سب سے زیادہ سندھ اور بلوچستان متاثر ہوئے۔ ملک بھر میں سیلاب کے باعث 1700 سے زائد افراد جاں بحق، ہزاروں زخمی ہوئے اور بڑے پیمانے پر سڑکوں اور انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








