ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے، شدید سردی کی لہر نے شہریوں کو گھروں سے بلا ضرورت نہ نکلنے پر مجبور کردیا جبکہ کراچی میں بھی پارہ سنگل ڈیجیٹ تک گر گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور سرد رہے گا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کا کم از کم درجہ حرارت 9.3ڈگری سینٹی گریڈ رہا ہے جبکہ آئندہ 24گھنٹوں میں یہ درجہ حرارت 10 سے 12ڈگری کے درمیان رہے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں شمال مشرق سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 7کلومیٹر فی گھنٹہ ہے جبکہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 سے 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 44فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان کے زیادہ تر علاقوں میں سرد اور خشک موسم رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔ تاہم پہاڑی اور شمالی علاقوں میں سردی شدید رہی اور گلگت بلتستان، کشمیر اور دیگر پہاڑی خطوں میں جزوی ابر آلودگی کے ساتھ ہلکی بارش اور برفباری بھی ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے دسمبر پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم صبح اور رات کے اوقات میں دھند رہے گی۔ خیبرپختونخوا کے زیادہ تر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








