کراچی: درآمدی کوئلے پر چلنے والے 3 آئی پی پیز کی سستے ایندھن پر منتقلی کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ آئی پی پیز کو تھر کے کوئلے پر منتقل کیا جائے گا۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق حکومت بجلی صارفین کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے درآمدی کوئلے کا استعمال کرنے والے 3 آئی پی پیز کو تھر کوئلے پر منتقل کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دی۔
رپورٹ کے مطابق آئی پی پیز کی تھرکے کوئلے پر منتقلی کیلئے تشکیل دی گئی کمیٹی کی سربراہی ایڈیشنل سیکریٹری پاور ڈویژن کریں گے۔ کمیٹی کو تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد پلانٹس کو تھر کے کوئلے پر منتقل کرنے کیلئے تکنیکی اور مالیاتی تجزیے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے جاری پاور ڈویژن کے اعلامیے میں کہا گیا کہ کمیٹی تھر کی کانوں سے پراجیکٹ سائٹ تک کوئلے کی نقل و حمل کیلئے لاجسٹکس کا جائزہ لے گی۔ دریں اثناء حکومت کی جانب سے آئی پی پیز سے کیے گئے معاہدوں کا جائزہ بھی لیا جارہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ درآمدی کوئلے پر انحصار کرنے والے آئی پی پیز کی تھر کے کوئلے پر منتقلی سے عوام کو سستی بجلی میسر آئے گی۔ اس حوالے سے موجودہ حکومت کا یہ اقدام خوش آئند قرار دیا جارہا ہے۔ آئی پی پیز کیلئے تشکیل دی جانے والی کمیٹی جلد کام شروع کرے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








