اسلام آباد: پاکستان کی بھارت کے خلاف تاریخی فتح پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میرا ورلڈکپ کل ہی ہوگیا، یہ عام میچ نہیں، کرکٹ پلس تھا، میرا بس چلتا تو قوم کیلئے آج عام تعطیل کا اعلان کر دیتا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھارت کو 10 وکٹ سے شکست پر پوری قوم کو مبارکباد دی۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں نے تاریخی فتح پر یادگار جشن منایا، بھارتی عوام نے اپنے کرکٹرز کے گھروں پر پتھراؤ کیا۔
انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کو اتنی سکیورٹی دی جتنی ان کی اپنی فوج بھی نہیں، نیوزی لینڈ ہمارے ساتھ ہاتھ کر کے گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کیخلاف ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، مہنگی ٹکٹ لی، میچ جیتنے کے بعد میرے پیسے پورے ہوگئے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان سے مذاکرات اچھے رہے، سعد رضوی کے اصرار پر مذاکراتی ٹیم کی سربراہی کر رہا ہوں، کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ کمٹمنٹ پر پہرا دیں گے، کالعدم ٹی ایل پی نے ایک روڈ کھول دیا ہے۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ افغان شہریوں کیلئے ویزہ فیس ختم کر دی، آئی ڈی کارڈ میں تاریخی تبدیلیاں لا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ عالمی دنیا افغانستان سے تعاون کرے۔
انہوں نے کہ اپوزیشن ٹی وی ٹی وی کھیل رہی ہے، ان کے جلسوں میں مہنگائی سے متاثر ہ کوئی چہرہ نہیں دیکھا، پی ڈی ایم کو کوئی رسپانس نہیں مل رہا، مسلم لیگ ن اور پی ڈی ایم احتجاج کا شوق پورا کرلے۔