پی ٹی آئی کے مشتعل مظاہرین کے احتجاج کے دوران زخمی کانسٹیبل عبدالحمید شاہ جاں بحق ہوگئے ہیں جن کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ شرپسند عناصر نے پولیس کانسٹیبل عبدالحمید شاہ کو اغواء کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا، زخمی کانسٹیبل کو اسپتال منتقل کردیا گیا تھا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے ہیں۔
اسلام آباد پولیس کے محکمہ انوسٹی گیشن ونگ میں تعینات کانسٹیبل عبدالحمید شاہ قیامِ امن کی ڈیوٹی پر 26 نمبر چونگی پر تعینات تھے اور اپنے فرائض انجام دے رہے تھے جب انہیں مشتعل مظاہرین نے تشدد کا نشانہ بنایا۔ وہ 3 ماہ بعد پولیس سے ریٹائر ہونے والے تھے۔
کانسٹیبل عبدالحمید شاہ اسلام آباد پولیس میں 1988میں بھرتی ہوئے اور فرائض انجام دیتے آئے تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کانسٹیبل عبدالحمید کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق اہلکار کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور واقعے میں ملوث افراد کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی۔
جاں بحق کانسٹیبل کی نمازِ جنازہ میں گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی اور دیگر معروف شخصیات نے شرکت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ احتجاج کی آڑ میں تشدد کی راہ اپنائی۔ یہی سیاسی جماعت تھی جس نے ماضی میں سرکاری ٹی وی کی عمارت پر حملہ کیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








