کراچی کی اہم سڑکیں کنٹینرز لگا کر بند، شہری ٹریفک میں پھنس گئے

تازہ ترین

تازہ ترین

ٹریفک
(فوٹو: آن لائن)

امریکا و اسرائیل حملوں اور ایران کی جوابی کارروائی کے بعد کراچی سمیت پاکستان کے دیگر شہروں میں صورتحال کشیدہ ہے اور خاص طور پر ایرانی سپریم لیڈر کی شہادت پر عوام کی بڑی تعداد غمزدہ ہے۔ کراچی میں احتجاج کے پیش نظر شہر کی اہم سڑکیں اور شاہراہیں کنٹینرز لگا کر بند کردی گئیں۔ شہری ٹریفک میں پھنس گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پی آئی ڈی سی چوک سے ایم ٹی خان روڈ جانے والے پل کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا جبکہ ایم ٹی خان روڈ پر سلطان آباد کے مقام پر بھی کنٹینرز رکھ کر سڑک سے آمدورفت کا راستہ بند کر دیا گیا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق ایم ٹی خان روڈ سے پی آئی ڈی سی روڈ اور مائی کلاچی روڈ ریلوے پھاٹک تک بند کردی گئی جبکہ بوٹ بیسن سے مائی کولاچی بائی پاس جانے والی سڑک بھی کنٹینر لگا کر بند کر دی گئی۔

دوسری جانب شارع فیصل پر ایف ٹی سی سے جناح ہسپتال موڑ تک جانے والی سڑک بھی ٹریفک کیلئے بند کردی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایف ٹی سی سے میٹروپول جانے والی سڑک کو بھی رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کردیا گیا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق ایف ٹی سی آنے والے ٹریفک کو گورا قبرستان سے یوٹرن کر کے صدر بھیجا جا رہا ہے۔ متعدد سڑکیں بند ہونے کے باعث دفاتر جانے والے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ سڑک پر گاڑیوں کی قطاریں لگ جانے کے باعث شہری ٹریفک مین پھنس گئے۔

Related Posts