لاہور: تھانے میں شہری پر تشدد پر پولیس اہلکار معطل، مزید تفتیش شروع

تازہ ترین

تازہ ترین

شہری پر تشدد
(فوٹو: وی نیوز)

ملک کے گنجان آباد ترین صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے تھانے میں شہری پر تشدد کے معاملے پر پولیس اہلکار کو معطل کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ لاہور کے ڈیفنس اے تھانے میں پیش آیا ، جہاں شہری سے بدسلوکی اور تشدد کیا گیا۔ متأثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ ان کی 22 سالہ بیٹی ڈیفنس اے کے علاقے میں گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کرتی تھی جس پر چوری کا الزام لگایا گیا۔

متاثرہ خاندان کے مطابق لڑکی نے کوئی چوری نہیں کی تھی، لیکن جھوٹے الزام پر بھی پولیس اسے ملزمہ قرار دے کر تھانے لے گئی۔ جب وہ بچی سے ملاقات کیلئے پہنچے تو تھانے میں پولیس اہلکاروں نے لڑکی کے والد اور بھائی کو بھی حراست میں لے کر مبینہ تشدد کیا۔

اہل خانہ نے الزام عائد کیا کہ انہیں کیس کے متعلق واضح معلومات فراہم کرنا بھی ضروری نہیں سمجھا گیا۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے فوری کارروائی کا حکم دیا۔ ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او ڈیفنس اے سمیت تھانے کا متعلقہ عملہ معطل کردیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق متعلقہ ایس ڈی پی او کو شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا اور واقعے کی مزید تفتیش ایس پی کینٹ کے سپرد کردی گئی جنہیں حکم دیا گیا ہے کہ وہ 24 گھنٹوں میں واقعے کی حتمی رپورٹ پیش کریں۔ ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق پولیس حراست میں تشدد، اور اختیارات کا ناجائز استعمال نہیں کرسکتی، اسے برداشت نہیں کیاجائے گا۔

Related Posts