کراچی: وفاقی سول حساس ادارے کی نشاندہی پر کراچی پولیس نے چالیس پچاس لاکھ سڑک پر بانٹ دینے والی ملک کی سب سے بڑی خاتون کوکین فروش اور کوکین میکر انمول عرف پنکی کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کوکین میکر پنکی اپنا پروڈکشن یونٹ چلاتی تھی جس کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی کوکین اور دیگر ممنوعہ کیمیکلز برآمد ہوئے۔ گارڈن پولیس نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن میں انتہائی مطلوب انمول عرف پنکی کو گرفتار کیا۔ملزمہ خود کوکین بنا کر عام کوکین سے مہنگا فروخت کرتی تھی جو اعلیٰ معیار کی ریڈ وائن بنا کر بڑے شہروں کو سپلائی دیتی تھی۔
خاتون کوکین میکر جن شہروں کو سپلائی فراہم کرتی تھی، ان میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مڈل پاس پنکی چلتی پھرتی لیب کے ہمراہ گرفتار ہوئی جس کے قبضے سے 1 کلو ہاف ریڈی کوکین، ہینڈ میڈ ریڈ وائن کی کئی بوتلیں اور کیٹامائن، ایفیڈرین، میتھ اور لیٹوکین بھی برآمد ہوئیں۔
گرفتار ملزمہ کے قبضے سے ایک پستول اور کئی راؤنڈز بھی برآمد کیے گئے۔ حکام کے مطابق پنکی 300گرام کوکین سے 1 کلو کوکین تیار کرتی ہے جبکہ ایک کوکین کے انڈے کی قیمت 8لاکھ روپے سے زائد ہوتی ہے۔ ملک کی مہنگی ترین کوکین بنانے والی پنکی تیار کردہ کوکین کا تجربہ پہلے خود کرتی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پنکی نے تفتیش کے دوران اہم انکشافات کیے اور بتایا کہ کراچی میں ملزمہ کے 800 سے زائد گاہک موجود ہیں جبکہ ملزمہ پولیس اور دیگر اداروں کے ملازمین سے بھی رابطہ رکھتی تھی جس کے کراچی میں 4سپلائی رائیڈرز تھے جنہیں ماہانہ تنخواہ اور کرائے پر گھر بھی دلوایا گیا۔ ملزمہ کو سڑک پر پیسے بانٹنے کی عادت ہے جو ایک روز میں 40 سے 50لاکھ بانٹ دیا کرتی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








