حسن اور حسین نواز کے وارنٹ منسوخ، نوازشریف کے بیٹوں کو ضمانت کیسے ملی؟

تازہ ترین

تازہ ترین

Court grant bail for Hassan and Hussain Nawaz
Samaa News

اسلام آباد: احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیٹوں حسن نواز اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری منسوخ کرتے ہوئے دونوں کی ضمانت منظور کر لی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے حسن نواز اور حسین نواز کی فلیگ شپ، العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کی درخواستوں کی سماعت کی۔مفرور حسن اور حسین نواز احتساب عدالت میں پیش ہوئے اور جج ناصر جاوید رانا کے سامنے سرنڈر کردیا۔

ابتدائی سماعت کے دوران معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ حسن اور حسین نواز کے وکیل قاضی مصباح دوسری عدالت میں مصروف ہیں، وہ دوپہر 12 بجے تک پیش ہو جائیں گے۔

جج رانا نے کہا کہ عدالت نے حسن اور حسین کو آج تک ریلیف دیا ہے،ان دونوں کو آج عدالت کے سامنے خودسپردگی کرنی چاہیے۔

احتساب عدالت اسلام آباد نے وقفے کے بعد دوبارہ سماعت شروع کی تو حسن اور حسین اپنے وکیل قاضی مصباح کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران قاضی مصباح نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر دائمی وارنٹ معطل کرنے کی درخواست کی گئی تھی جس پر جج رانا نے استفسار کیا کہ ان کے خلاف مقدمات کیا ہیں؟

جواب میں قاضی مصباح نے کہا کہ تین ریفرنسز ہیں اور تینوں کیسز میں درخواستیں دائر کی ہیں۔

قاضی مصباح نے کہا کہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر ایون فیلڈ میں بری ہوئے، ان کے والد کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں بری کیا، نواز شریف کو فلیگ شپ میں ٹرائل کورٹ نے بری کیا۔

بعد ازاں احتساب عدالت نے حسین اور حسن نواز کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرتے ہوئے 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے پر ان کی ضمانت منظور کرلی۔

سابق وزیراعظم کے دونوں بیٹوں نے آئندہ سماعت پر عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی دائر کر دی ہے جس پر عدالت نے سماعت کل تک ملتوی کر دی جبکہ عدالت نے دونوں ملزمان کی اشتہاری حیثیت بھی ختم کردی ہے۔

Related Posts