کراچی: مین ہول سے ماں اور 3بچوں سمیت 4افراد کی لاشیں برآمد ہونے کے کیس میں عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا مسترد کردی جس کا کہنا تھا کہ ملزم بہت شاطر ہے جو اپنے ساتھیوں کے نام نہیں بتا رہا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے مائی کلاچی میں پھاٹک کے نزدیک مین ہول سے ماں اور 3بچوں سمیت 4افراد کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا جس نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے۔ پولیس نے گرفتار ملزم کو آج جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کردیا۔
دورانِ سماعت تفتیشی افسر نے ملزم کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ غربی نے تفتیشی افسر کی استدعا مسترد کرتے ہوئے اسے عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم سے آلہ قتل برآمد کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم مسرور حسین کے خلاف تھانہ ڈاکس میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مقدمے کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ غربی انعام اللہ پھلپوٹو نے کی۔ واضح رہے کہ پولیس کے مطابق 3 جنوری کو خالی مین ہول سے 4افراد کی لاشیں ملی تھیں جنہیں بے دردی سے قتل کیا گیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








