اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عدت کے دوران نکاح کے کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت آج کرے گی۔
اپیلوں کی سماعت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شاہ رخ ارجمند کریں گے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر جج کی عدم دستیابی کے باعث کوئی کارروائی نہیں ہو سکی تھی۔عدالت نے خاور مانیکا کو اپنے وکیل کے ساتھ سماعت میں شرکت کی ہدایت کی تھی۔
پی ٹی آئی کے بانی اور ان کی اہلیہ کو 3 فروری کو اڈیالہ جیل میں سینئر سول جج قدرت اللہ نے عدت کے دوران غیر قانونی شادی کا مجرم قرار دیا تھا۔ انہیں 7 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا سامنا ہے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 19 کروڑ پاؤنڈز کے ریفرنس کی سماعت بھی آج ہوگی۔
اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا سماعت کریں گے۔ گزشتہ سماعت پر عدالت نے ایک گواہ کا بیان قلمبند کیا تھا جبکہ ایک گواہ پر جرح کی گئی تھی۔
اس سے قبل فروری میں سابق وزیراعظم اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے عدت کیس میں فیصلے کے خلاف اسلام آباد کی ضلعی اور سیشن عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔
درخواست وکیل خالد یوسف چوہدری نے دائر کی اور بیرسٹر سلمان اکرم راجہ، سلمان صفدر اور عثمان ریاض گل کیس کی پیروی کریں گے۔ کیس میں وفاقی حکومت اور خاور مانیکا کو مدعا علیہ نامزد کیا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ بشریٰ بی بی اور ان کی سابقہ شریک حیات خاور مانیکا کے درمیان طلاق اپریل 2017 میں ہوئی، وہ اگست 2017 میں اپنی والدہ کے گھر منتقل ہوگئیں۔
درخواست کے مطابق شکایت کنندہ نے طلاق کے چھ سال بعد نکاح کے خلاف درخواست دائر کی۔درخواست میں دعویٰ کیا گیا کہ سزا غیر قانونی اور غیر اسلامی ہے کیونکہ عدالت نے کیس کی سماعت کی اور سزا کا حکم اپنے دائرہ اختیار سے باہر دیا۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ عدت کے دوران نکاح کے حوالے سے ٹرائل کورٹ کے 3 فروری کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








