اسلام آباد، کورونا کے باعث ڈی سی آفسز بند، ملازمین کے ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ

تازہ ترین

تازہ ترین

اسلام آباد، کورونا کے باعث ڈی سی آفسز بند، ملازمین کے ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ
اسلام آباد، کورونا کے باعث ڈی سی آفسز بند، ملازمین کے ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ

اسلام آباد میں  کورونا وائرس کے حملوں کے باعث ڈی سی آفسز بند کردئیے گئے، حکومت نے ملازمین کے کورونا وائرس ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا  وائرس کی دوسری لہر کے وار جاری ہیں۔اسلام آباد ڈپٹی کمشنر آفسز کو بند کر دیا گیا۔سب سے زیادہ کورونا کے کیسز اسلام آباد اور راولپنڈی میں رپورٹ ہوئے۔ ڈی سی آفس کے تمام شعبوں کو فی الفور بند کر دیا گیا۔

ڈی سی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ ڈی سی آفس کے تمام شعبوں میں کام کرنے والے ملازمین کے کورونا ٹیسٹ کروائے جائیں گے۔ ٹیسٹ مکمل ہونے تک ڈی سی آفس کی تمام سرگرمیاں معطل رہیں گی۔گزشتہ دنوں ڈی سی آفس کی ارمر برانچ میں 8 ملازمین کے وائرس ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔

آفس کی دوسری برانچز کے ملازمین میں کورونا وائرس کی علامات پائے جانے کے بعد ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کرتے ہوئے تمام شعبوں کو کام سے روک دیا۔ خواتین اور 50 سال سے زائد عمر کے ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کے لیے کہہ دیا گیا۔

عملے کے 50 فیصد ملازمین کو گھروں میں رہنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے جبکہ اسلام آباد کے سب سے بڑے پمز ہسپتال میں مزید مریضوں کی گنجائش نہیں ہے۔

اس حوالے سے ڈی سی اسلام آباد نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں اور غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں جبکہ تک کورونا وائرس کا خطرہ ٹل نہیں جاتا۔ 

یہ بھی پڑھیں: دُنیا بھر میں کورونا کے باعث 14 لاکھ 65ہزار افراد ہلاک

Related Posts