اسلام آباد: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے کورونا ویکسین نہ لگوانے والے مسافروں کے اندرونِ ملک فضائی سفر پر پابندی عائد کردی ہے جس کا مقصد ویکسینیشن مہم کو تقویت فراہم کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 18 سال اور زائد العمر مسافروں پر کورونا ویکسین لگوا کر سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی قرار دیتے ہوئے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے تحت 10 ستمبر سے کوئی مسافر ویکسین لگوائے بغیر فضائی سفر کا اہل نہیں ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: قومی ایئر لائن کا ویکسین لانے کیلئے 8 خصوصی پروازیں چلانے کا فیصلہ
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے گزشتہ روز جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ 24 جولائی کو بھی اس حوالے سے لیٹر جاری کیا گیا تھا۔ حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ 10 ستمبر سے ویکسین نہ لگوانے والوں کو فضائی سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی جن کی عمر 18 سال یا زائد ہو۔
نوٹیفکیشن میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مقررہ تاریخ کے بعد کورونا کی روک تھام کیلئے ویکسین لگوانے والے مسافر ہی سفر کے اہل ہوں گے جبکہ ملک بھر میں کسی بھی شخص کے ویکسین لگوائے بغیر ایک شہر سے دوسرے شہر فضائی سفر پر پابندی عائد ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے ویکسینیشن سرٹیفیکٹ کی نئی موبائل ایپس کا افتتاح کردیا
قبل ازیں ویکسین کی ایک خوراک لگوانے والے مسافروں کو بھی اندرونِ ملک سفر کی اجازت دے دی گئی تھی، اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی کا تازہ ترین نوٹیفکیشن میں کہنا ہے کہ یہ رعایت واپس لے لی گئی ہے۔ ویکسین کی 2 خوراکیں لگوانے والے مسافر ہی سفر کے اہل ہوں گے۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل سندھ حکومت نے کورونا ویکسین لگوانے کے جعلی سرٹیفکیٹ جاری کرنے والوں کے خلاف ایکشن لینے کا فیصلہ کر لیا، حکومت نے این سی او سی سے درخواست کی کہ جرم کے مرتکب افراد کے شناختی کارڈ بلاک کردئیے جائیں۔
وزارتِ صحت سندھ نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کو گزشتہ روز خط لکھ دیا جس میں 36 ملزمان کے نام شامل ہیں جو شہریوں کو کورونا ویکسین کے جعلی سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے مرتکب ہوئے۔
مزید پڑھیں: جعلی ویکسین سرٹیفکیٹ جاری کرنیوالوں کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کا فیصلہ
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








