لاہور:صدر پاکستان عارف علوی نے کہا ہے کہ چین کی جدید ٹیکنالوجی پاکستان کے زراعت کے شعبے میں انقلاب برپا کرسکتی ہے، زرعی شعبہ معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور اس کی خوشحالی ہی معاشی استحکام کی ضمانت ہے،زراعت پاکستان کی معیشت میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے اور جی ڈی پی اور روزگار میں اس کا ایک اہم حصہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپو سینٹر لاہور میں لاہور چیمبر اور چین کے اشتراک سے منعقدہ سی اے سی پاکستان کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان زراعت سے متعلقہ تمام شعبوں میں چین کی مہارت اور تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے اور یقینی طور پر سی اے سی پاکستان نمائش اس کے لئے راہ ہموار کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ زراعت پاکستان کی معیشت میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے اور جی ڈی پی اور روزگار میں اس کا ایک اہم حصہ ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین مشترکہ منصوبوں سے چینی ریسرچرز ، زرعی ماہرین اور تاجر برادری پاکستان آئے گی اور جب وہ پاکستانی تاجروں کے ساتھ مل کر کام کریں گے تو ہماری زراعت کو ترقی ملے گی۔ اس سے پاکستان کو زراعت کے شعبے میں کم پیداوار اور فصلوںکی کٹائی کے بعد ہونے والے نقصانات سے نجات حاصل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
عارف علوی نے مزید کہا کہ سرمایہ کاری معاشی استحکام میں بنیادی کردار ادا کرسکتی ہے۔ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کے لئے حکومت کاروبار میں آسانی کے لئے ہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنارہی ہے۔صدر لاہور چیمبر آف کامرس عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ اعلیٰ کاکردگی اور بہترین پیداوار کا حامل زرعی شعبہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
زرعی شعبے کے فروغ کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کے استحکام اور طویل مدتی نمو کو یقینی بنانے کے لئے ضروری ہے کہ معیشت کے تمام شعبے ایک دوسرے کو مستحکم بنانے کے لئے ایک دوسرے سے تعاون کریں۔انہوں نے کہا کہ زراعت کے فرسودہ طریقوں کو چھوڑ کر جدید طریقوں کو اپنا نے کی راہ میں حائل چیلنجز کی وجہ سے زرعی شعبہ کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔