منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، اسلام آباد سے 72ملزمان گرفتار

تازہ ترین

تازہ ترین

اسلام آباد
(فوٹو: آن لائن)

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا ہے، آئی جی اسلام آباد کے احکامات پر شہرِ اقتدار سے 72ملزمان دھر لیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کے حکم کے تحت منشیات فروشوں کے خلاف “نشہ اب نہیں” کے عنوان سے رواں ماہ ایک بار پھر بھرپور کارروائی کی گئی۔ پولیس نے انسانیت کے دشمن منشیات فروشوں کے خلاف 71 مقدمات درج کرکے 72ملزمان کو حراست میں لے لیا۔

اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف کارروائی کے دوران گرفتار منشیات فروشوں کے قبضے سے مجموعی طورپر 42 کلوگرام سے زائد ہیروئن، 16کلو سے زائد چرس اور 6کلو سے زائد آئس کے علاوہ 255شراب کی بوتلیں بھی برآمد ہوئیں۔

اس حوالے سے ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق کا کہنا ہے کہ خصوصی پولیس ٹیمز منشیات اسمگلنگ کے نیٹ ورک میں شامل ڈیلرز کے خلاف ٹارگیٹڈ آپریشنز میں مشغول ہیں۔ نوجوان نسل کو منشیات سے بچانے کیلئے کریک ڈاؤن جاری رکھیں گے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد، لاہور، کراچی اور پشاور سمیت ملک کے کم و بیش تمام چھوٹے بڑے شہروں میں منشیات فروش سرگرم ہیں جو نوجوان نسل کو ہیروئن، چرس اور آئس سمیت دیگر غیر قانونی اور نشہ آور اشیا سپلائی کرتے ہیں جس سے ملک کا مستقبل تباہ ہورہا ہے۔

Related Posts