کرکٹ ورلڈ کپ 2023 جیتنے والی ٹیم کے لیے آئی سی سی کی جانب سے انعامی رقم کا اعلان کردیا گیا ہے۔
بھارت میں اگلے ماہ شروع ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ میں بھارت اور پاکستان سمیت 10ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، آئی سی سی نے 10 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا ہے۔
ٹورنامنٹ کا آغاز 5اکتوبر سے ہوگا جبکہ پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدر لینڈ کے خلاف کھیلے گی اور پاک بھارت میچ 14 اکتوبر کو احمد آباد کھیلا جائے گا، ورلڈ کپ کے دوران مجموعی طور پر 48 میچز کھیلے جائیں گے اور فائنل 19 نومبر 2023 کو ہو گا۔
پاک بھارت میچ کے تناظر میں احمد آباد میں ہوٹلوں کے کرائے بڑھا دیئے گئے ہیں، اطلاعات کے مطابق ہوٹل کا ایک دن کا کرایہ 80ہزار تک پہنچ گیا ہے۔
دوسری جانب آئی سی سی نے ورلڈکپ کی انعامی رقم کا اعلان کر دیا ہے، ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 10 ملین امریکی ڈالرز بطور انعامی رقم تقسیم کیے جائیں گے۔
سیمی فائنلز ہارنے والی ٹیموں کو 8 لاکھ امریکی ڈالرز ملیں گے جو مجموعی طور پر 16 لاکھ امریکی ڈالر بنتے ہیں۔ون ڈے ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم کو 40 لاکھ ڈالر ملیں گے جبکہ رنر اپ ٹیم کے حصے میں 20 لاکھ ڈالر آئیں گے۔
مزید پڑھیں:ورلڈکپ کیلئے 18 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان، حسن علی کی ٹیم میں واپسی
ناک آؤٹ مرحلے میں نہ پہنچنے والی ٹیموں کو ایک ایک لاکھ ڈالرز ملیں گے جبکہ گروپ مرحلے کے میچز جیتنے والی ٹیم کو 40 ہزار ڈالرز ملیں گے یعنی 45 میچز میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 80 ہزار ڈالر کی رقم فاتح ٹیموں میں تقسیم ہو گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








