لائن آف کنٹرول کے قریب جھڑپ، 3کشمیری مجاہد شہید، 1 بھارتی فوجی ہلاک

تازہ ترین

تازہ ترین

جھڑپ
(فوٹو: بی بی سی / گیٹی امیجز)

مقبوضہ جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب جھڑپ کے نتیجے میں 3 کشمیری مجاہد شہید جبکہ 1 بھارتی فوجی ہلاک ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں پیش آیا۔ بھارتی فوج کا دعویٰ ہے کہ کشمیری مجاہدین سے جھڑپوں کا یہ سلسلہ بدھ کے روز کشتواڑ کے ایک دور دراز جنگل میں شروع ہوا تھا جو ہفتے تک جاری رہا۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بھارتی فوج کے وائٹ نائٹ کور نے کہا کہ جھڑپ کے مقام سے اسلحہ اور دیگر جنگی سامان کی برآمدگی ہوئی ہے۔ جھڑپیں ایسے وقت پر ہورہی ہیں جب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی تسلط کے خلاف مزاحمت کاسلسلہ جاری ہے۔

بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق منگل کی شب جموں میں ادھمپور اور کشتواڑ کے جنگلاتی علاقوں کا محاصرہ اسی وسیع فوجی آپریشن کا حصہ ہے جو 24 مارچ کو کشمیری مجاہدین کی فائرنگ میں 4 بھارتی اہلکاروں کی ہلاکت کے فوراً بعد شروع ہوا۔

رپورٹ میں سرکاری اعدادو شمار کا حوالہ دیتے ہوئے  کہا گیا کہ 2021 سے اب تک پونچھ، راجوری، کٹھوعہ، ریاسی، ڈوڈہ، کشتواڑ اور اُدھم پور میں مختلف مسلح حملوں کے دوران 51 فورسز اہلکار مارے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جھڑپ میں بھارتی فوج نے 2 کشمیری مجاہدین کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ تازہ جھڑپوں سے صرف ایک روز قبل بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ، فوجی سربراہ اویندر دویدی اور انٹیلی جنس بیورو اور متعدد دیگر خفیہ ایجنسیوں کے سربراہان نے سکیورٹی صورتحال کا معائنہ کیا تھا۔

Related Posts