شہرِ قائد کے علاقے چکرا گوٹھ کورنگی میں رینجرز اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کی سہولت کاری کرنے والے تین دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق تینوں سہولت کاروں کی شناخت یاسر عرفات، خدابخش اور زاہد عرف بارکزئی کے نام سے ہوئی ہے،ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے تقریباً 5 کلو بارودی مواد، 10 میٹر پرائما کارڈ،3 ڈیٹونیٹرز،ایک کلو بال بیرنگ، انتہا پسندی پر مبنی 250 بکس لٹریچراورایک لیپ ٹاپ برآمد ہوا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان مختلف کالجز اور یونیورسٹیوں کے طلباء کو کالعدم تنظیم میں شامل کرنے کے لیے مبینہ طور پر ذہن سازی اور انتہا پسندانہ مواد کی فراہمی میں ملوث تھے۔ ملزمان نے کراچی کے حساس مقامات پر دہشتگردی کے لیے بارودی مواد اپنے خفیہ ٹھکانے پر چھپا رکھا تھا۔ملک دشمن عناصر کو گرفتار کرلیا گیا۔
رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کو دھماکہ خیز مواد سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کیلئے پر عزم ہیں۔
خیال رہے کہ رواں برس دہشت گردوں نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں ملک دشمن کارروائیوں کے دوران سکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کو نشانہ بنایا جبکہ سکیورٹی فورسز نے مختلف آپریشنز کے دوران درجنوں دہشت گرد ہلاک کردئیے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








