کراچی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پولیس افسران وردی کی آڑ میں شہریوں کو تاوان وصول کرنے کیلئے مبینہ طور پر اغواء کرنے لگے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے مقامی تاجر عبدالماجد نے اغواء کے بعد تاوان ادا کرکے رہائی حاصل کی جس کے بعد انہوں نے عدالتی احکامات پر جو مقدمہ درج کروایا وہ انسدادِ دہشت گردی پولیس (سی ٹی ڈی) افسر اعجاز بٹ اور ان کے ساتھیوں کے خلاف ہے۔
تجارت کے پیشے سے وابستہ کراچی کے شہری عبدالماجد کے مطابق انہیں کراچی کے علاقے ناظم آباد سے رات کی تاریکی میں گھر سے اغواء کیا گیا۔ رہائی کیلئے سی ٹی ڈی پولیس نے 20 لاکھ روپے بطور تاوان طلب کیا لیکن 7 لاکھ روپے تاوان وصولی کے بعد مغوی کو رِہا کردیا گیا۔
متاثرہ تاجر ماجد نے سی ٹی ڈی پولیس کے خلاف کراچی کے رضویہ تھانے میں اغواء کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کروایا ہے۔ عبدالماجد کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی کی ٹیم نے مجھے 2 روز تک کراچی کے علاقے گارڈن میں حبسِ بے جا میں رکھا۔
عبدالماجد نے کہا کہ میں تمام متعلقہ محکموں کے روبرو شکایت کر چکا ہوں لیکن ملوث اہلکاروں کیخلاف مقدمے کے اندارج کے علاوہ کوئی ایکشن نہیں لیا گیا جبکہ متاثر تاجر ماجد سی ٹی ڈی افسر اعجاز بٹ کے خلاف پہلے بھی جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی شکایت سامنے آ چکی ہیں۔
دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اعجاز بٹ کے خلاف تحقیقات بھی ہوئیں لیکن معاملہ رفع دفع ہوگیا تھا۔عبدالماجد کو تاوان کی وصولی کیلئے اغواء کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی میں یوٹرن حادثات کا باعث بن گیا
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








