کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال میں بلاک 16 کے رہائشی فلیٹ میں سلنڈر دھماکہ ہوا ہے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ مبینہ طور پر گیس لیکیج کے باعث ہوا۔
اب تک سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق گلشن اقبال بلاک 16 کے رہائشی فلیٹ میں دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور فائر بریگیڈ جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوگئے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل لاہور کے علاقے کاہنہ میں گیس سلنڈر پھٹنے کے باعث آگ لگ گئی، آتشزدگی کا یہ واقعہ ایل پی جی کی دکان میں پیش آیا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
دو روز قبل پیش آنے والے حادثے کے دوران ریسکیو اہلکاروں نے ایل پی جی کی دکان میں سلنڈر پھٹنے کے باعث لگنے والی آگ پر موقعے پر پہنچ کر قابو پالیا۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی دکان میں سلنڈر ری فلنگ کے دوران پھٹا۔
سلنڈر پھٹنے سے لگنے والی آگ نے پوری دکان کو لپیٹ میں لے لیا۔ ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ واقعے کے نتیجے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل کراچی کے علاقے نیو سبزی منڈی میں پیر کی دوپہر اچانک ایک زور دار دھماکے کی آواز سنائی دی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
آج سے 1 ماہ قبل یہ دھماکہ ایک دکان میں ہوا جہاں گیس سلنڈرز فروخت کیے جا رہے تھے۔ واقعے کے فوراً بعد شہریوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہوگئی جبکہ دکانداروں اور مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








