کراچی: ڈیری فارم ایسوسی ایشن نے شہر میں ڈیری مصنوعات کی قلت کا انتباہ کرتے ہوئے انتظامیہ سے تازہ دودھ کی قیمتوں میں 30 روپے فی لیٹر اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ڈیری فارم ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ فارم کی سطح پر دودھ کی قیمت 180 روپے فی کلو مقرر ہے جس کی وجہ سے صنعت متاثر ہو رہی ہے۔ایسوسی ایشن نے کمشنر کراچی سے دودھ کی قیمت 230 روپے فی کلو مقرر کرنے کا مطالبہ کیا۔
قبل ازیں شہری انتظامیہ نے تازہ دودھ کی خوردہ قیمت 200 روپے فی لیٹر مقرر کی تھی لیکن دودھ فروش غیر سرکاری نرخ 220-230 روپے فی لیٹر پر فروخت کرتے رہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں کراچی ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن نے صوبے میں دودھ کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا تھا۔
ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن نے دودھ کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے کہا کہ کمشنر کراچی کے مقرر کردہ نرخ پر دودھ فروخت کرنا ممکن نہیں۔
ایسوسی ایشن نے بتایا کہ چارے کی قیمت بہت زیادہ ہے جبکہ کمشنر کراچی نے کہا کہ پیداواری قیمت 195 روپے ہے تاہم قیمت 180 روپے مقرر کی گئی۔
ڈیری فارمرز کا کہنا ہے کہ شہر میں مقررہ قیمتوں پر دودھ فروخت کرنا ممکن ہوتا جارہا ہے اور اگر حکومت نے مطالبات تسلیم نہ کئے تو دودھ کی سپلائی روک دی جائیگی جس کی ذمہ دار انتظامیہ ہوگی۔
یہ بھی واضح رہے کہ اس وقت شہر میں دودھ کی خوردہ قیمت 200 روپے ہے اور اگر ڈیری فارمرز کا مطالبہ تسلیم کیا جاتا ہے تو دودھ کی قیمت 220 سے 230 روپے لیٹر تک جاسکتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








