جمعیت علماء اسلام شیرشاہ کے امیر مولانا عظیم اللہ عثمان کی سربراہی میں جے یو آئی وفد نے ڈپٹی کمشنر ضلع کیماڑی جنید اقبال خان سے ڈومیسائل، پی آر سی کے حصول میں عوام کو درپیش مشکلات، سڑکوں اور سیوریج کے ناقص نظام سمیت دیگر اہم امور کے حوالے سے ملاقات کی۔ ڈپٹی کمشنر کیماڑی نے ڈومیسائل، پی آر سی کے حوالے سے خوشخبری سنادی۔
وفد میں جے یو آئی ضلع کیماڑی کے جنرل سیکریٹری سید اکبر شاہ ہاشمی، پی ایس 114 کے جنرل سیکریٹری حاجی عزیز الرحمن عزیز، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت شیرشاہ کے امیر مولانا محمد حامد، جے یو آئی شیرشاہ کے نائب امیر مولانا محمد بلال عباسی، سیکریٹری اطلاعات مولانا محمد ندیم اور بزنس فورم کے محمد شفیق شامل تھے۔
عوام کیلئے بڑی خوشخبری، ہونڈا نے سی ڈی 70 اور 125 کی قیمتوں میں نمایاں کمی کر دی
وفد نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ ضلع کیماڑی کے عوام کیلئے ڈومیسائل اور پی آر سی کے حصول میں ایک عرصے سے جان بوجھ کر مسائل پیدا کئے جارہے ہیں۔ ہزاروں اسٹوڈنٹس کا تعلیمی حرج ہورہا ہے۔ سابق ڈپٹی کمشنر نے لسانیت اور قوم پرستی کی بنیاد پر لوگوں کیلئے مشکلات پیدا کیں۔ جمعیت علمائے اسلام کو ان معاملات پر گہری تشویش ہے۔
ڈپٹی کمشنر ضلع کیماڑی جنید اقبال خان نے وفد کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ اب تک ڈومیسائل اور پی آر سی کے حصول میں جو مشکلات تھیں وہ نامناسب اور غیر اخلاقی رویے کا نتیجہ تھیں۔ مجھے آئے ہوئے ایک مہینہ ہوا ہے اور میں نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ ڈومیسائل اور پی آر سی کے حصول میں ایک فیصد بھی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔ میں کسی کے ساتھ بھی زیادتی برداشت نہیں کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں رہنمائی کیلئے چند روز میں ایک اعلان بھی آویزاں کردیا جائے گا جس میں قانونی تقاضوں کے مطابق مطلوبہ ڈاکومنٹس اور طریقہ کار بارے آگاہی دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں آپ حضرات کو جہاں بھی غیرقانونی سرگرمیوں یا بروکری کا علم ہو تو فورا مجھے مطلع کریں تاکہ ایسے عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔
وفد نے ضلع کیماڑی سمیت شیرشاہ کالونی کی ٹوٹی پھوٹی سڑکوں، پانی کے بحران اوردیگر اہم مسائل کی جانب بھی ڈی سی کیماڑی کی توجہ مبذول کرواتے ہوئے بتایا کہ ضلع کیماڑی بالخصوص شیرشاہ کالونی کا انفراسٹرکچر مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے۔ گلیاں اور سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل ہوگئی ہیں، رہی سہی کسر سیورج کے ناقص نظام نے پوری کردی ہے۔
ڈی سی کیماڑی نے شیرشاہ کالونی بالخصوص جامعہ عثمانیہ جامع مسجد طور شیرشاہ کے اطراف کی سڑکوں اور سیوریج کے نظام کی بہتری کے حوالے سے موقع پر ہی متعلقہ افسران اور اداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ان شاءاللہ مسائل حل ہوں گے۔ وفد نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ہرممکن تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔
علاوہ ازیں وفد کی جانب سے 7 نومبر کو شیرشاہ کالونی میں سالانہ ختم نبوت کانفرنس کے اجازت نامے کی درخواست پر ڈی سی کیماڑی نے فوری این او سی جاری کرتے ہوئے کانفرنس میں شرکت کا بھی وعدہ کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








