جرمنی میں جنونی شخص کے ہاتھوں چاقو کے وار سے دردناک انداز میں قتل ہونے والے پاکستانی نژاد جرمن شہری کی میت کراچی پہنچا دی گئی ہے۔
نجی ٹی وی (جیو نیوز) کی رپورٹ کے مطابق چند روز قبل جرمنی کے شہر اولم میں مقامی جنونی شہری، جسے پولیس نے ذہنی مریض قرار دیا تھا، پاکستانی نژاد شہری فہیم الدین کے گھر میں داخل ہو کر ان پر اور اہلِ خانہ پر چاقو سے وار کیے۔
قاتلانہ حملے کے نتیجے میں 58سالہ فہیم الدین موقعے پر جاں بحق جبکہ اہلیہ اور 13 سالہ بیٹی سمیت 2افراد شدید زخمی ہوگئے۔ زخمی افراد کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فہیم الدین کی 2 بیٹیاں حملے میں محفوظ رہیں۔
جنونی شخص کے حملے کے وقت خوفزدہ ہو کر دونوں بیٹیاں گھر میں ہی چھپ گئی تھیں۔ پولیس واقعے کی اطلاع ملنے پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور فائرنگ کرکے ملزم کو ہلاک کردیا۔ پولیس کے بیان کے مطابق حملہ آور کا دماغی علاج جاری تھا۔
واقعے کے نتیجے میں جاں بحق فہیم الدین کی میت کراچی پہنچ گئی، ان کی نمازِ جنازہ نمازِ ظہر کے بعد فیڈرل بی ایریا میں ادا کی جائے گی۔ فہیم الدین کے بھائی وجیہہ الدین کا کہنا ہے کہ فہیم الدین 1992ء سے جرمنی میں رہ رہے تھے۔ قاتل نفسیاتی مریض نہیں تھا۔
وجیہہ الدین نے دعویٰ کیا کہ قاتل ایک ٹیکسی ڈرائیور تھا، کسی کو بھی نفسیاتی مریض قرار دے کر قتل کے الزام سے بری نہیں کرنا چاہئے۔ فہیم الدین کو چھری کے وار کرکے قتل کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل کینیڈا میں ایک جنونی شخص نے گاڑی پاکستانی خاندان پر چڑھا دی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








