جرائم پر ڈی پورٹ کیے گئے پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا فیصلہ

تازہ ترین

تازہ ترین

ڈی پورٹ
(فوٹو: روزنامہ قدرت)

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ایسے پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک کیے جائیں گے جنہیں دوسرے ممالک سے مجرمانہ سرگرمیوں کی وجہ سے ڈی پورٹ کیا گیا ہو۔ حکومت نئی سفری دستاویزات کے اجرا کا عمل بھی سخت بنائے گی۔

یہ فیصلہ ان افراد کو بیرون ملک غیر قانونی کام، خاص طور پر بھیک مانگنے، سے روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔ حالیہ عرصے میں سینکڑوں پاکستانی خاص طور پر خلیجی ممالک سے اسی الزام پر ملک بدر کیے جا چکے ہیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ پاسپورٹ کی فراہمی سے متعلق نئے اصولوں کے لیے قانونی اقدامات مکمل کیے جائیں تاکہ غیر قانونی امیگریشن کو روکا جا سکے۔

یہ ہدایات انہوں نے امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے اجلاس میں دیں، جس میں وزیر مملکت طلال چوہدری، سیکریٹری داخلہ خرم آغا، ڈی جی ایف آئی اے اور ڈی جی پاسپورٹ بھی شریک تھے۔

وفاقی وزیر نے نئی پاسپورٹ پرنٹنگ مشینوں کا معائنہ بھی کیا اور کہا کہ ان سے پاسپورٹ کے اجرا میں بہتری آئے گی۔ ڈی جی پاسپورٹ نے بتایا کہ عوام کی سہولت کے لیے جلد موبائل ایپ بھی متعارف کرائی جائے گی۔

Related Posts