بھارت نے مزید پانی چھوڑ دیا! دریائے ستلج میں تباہ کن سیلاب، جنوبی پنجاب کے کئی علاقے زیرِ آب

تازہ ترین

تازہ ترین

Devastating floods hit Sutlej River as India releases excess water, Southern Punjab submerged
ONLINE

بھارت کی جانب سے دریاؤں میں چھوڑے گئے اضافی پانی نے جنوبی پنجاب میں بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے۔

دریائے ستلج، راوی اور چناب میں شدید طغیانی کے باعث کئی مقامات پر بند ٹوٹ گئے اور درجنوں دیہات زیر آب آ گئے۔

دریائے ستلج پر گنڈا سنگھ والا کے مقام پر سیلاب انتہائی ہولناک صورت اختیار کر گیا ہے جہاں پانی کا بہاؤ تین لاکھ ستائیس ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

سلیمانکی اور اسلام ہیڈ ورکس پر بھی اونچے درجے کا سیلاب نوٹ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں بہاولپور کی چار تحصیلوں کے ندی نالے اور قریبی علاقے پانی میں ڈوب چکے ہیں۔

دوسری جانب دریائے راوی کی صورتحال بھی نہایت تشویشناک ہے، ہیڈ سدھنائی پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب موجود ہے جبکہ ہیڈ بلوکی پر پانی کی آمد ایک لاکھ اڑتیس ہزار سات سو ساٹھ کیوسک سے تجاوز کر گئی ہے۔

اسی طرح دریائے چناب میں بھی پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے اور خانکی، ہیڈ قادرآباد اور چنیوٹ کے قریب سیلابی خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ملتان میں قاسم بیلا کے قریب شجاع آباد کینال میں پانی کی مقدار اس کی گنجائش سے تین گنا زیادہ ہو گئی ہے جس کے باعث نہر اوور فلو کر گئی اور اطراف کے علاقوں میں پانی داخل ہو گیا۔

شیر شاہ بند بھی اوور فلو ہونے کے بعد متعدد بستیاں پانی میں ڈوب گئیں جہاں مقامی افراد کو نقل مکانی کا موقع تک نہ ملا۔ سکندری نالے میں پانی کا داخل ہونا شہری آبادی کے لیے خطرے کی گھنٹی بن چکا ہے جبکہ اکبر فلڈ بند پر مسلسل دباؤ کے باعث اکبر پور، بستی کوتوال اور ملحقہ علاقے سیلابی ریلے کی لپیٹ میں آ گئے ہیں۔

ریسکیو ٹیمیں اور ضلعی انتظامیہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں تاہم پانی کی شدت اور دباؤ کے باعث کئی مقامات تک پہنچنا انتہائی دشوار ثابت ہو رہا ہے۔

Related Posts