راولپنڈی : پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان کے پنڈی آنے کی وجہ نہیں بنتی،الزامات لگانے والوں کی باتوں میں اگر کوئی حقیقت ہوتو جواب دیا جائے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آرنے کہا ہے کہ فوج پر جھوٹے الزامات کا جواب دینے کا وقت نہیں، ہمارے حوصلے بلند ہیں، الزامات لگانے والوں کی باتوں میں اگر کوئی حقیقت ہوتو جواب دیا جائے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ فوج اپنا کام کررہی ہے،قربانیاں دے رہی ہے،پوری فوج کا مورال بلند ہے،بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے، آرمی چیف اسی ہفتے کوئٹہ کا دورہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی میڈیا نےبھارتی پروپیگنڈےکوبےنقاب کیا،پچھلے ایک سال میں کورونا وبا کا بطور قوم متحد ہوکر مقابلہ کیا،دشمن قوتیں ہمیں تقسیم کرنے کی کوشش میں ہے،بھارتی پروپیگنڈا بےنقاب کرنے پرپاکستانی میڈیا مبارک باد کا مستحق ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ خطرات اندرونی ہویا بیرونی ہمیشہ حقائق کے ذریعے نشاندہی کی اورمقابلہ بھی کیا۔
بھارت نے کشمیر کے محاذ پراپنی جارحیت کو چھپایا، بھارت نے اقلیتوں کےحوالے سے جھوٹا پروپیگنڈا کیا، آج الحمداللہ قبائلی علاقے خیبرپختونخوا کا حصہ بن چکے ہیں،خود کش حملوں کے واقعات میں 97 فیصد کمی ہوئی۔
پی ڈی ایم سربراہ سے متعلق سوال پر ترجمان پاک فوج نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے پنڈی آنے کی وجہ نہیں بنتی،اگر وہ پنڈی آئے تو پائے پانی پلائیں گے تاہم الزامات لگانے والوں کی باتوں میں اگر کوئی حقیقت ہوتو جواب دیا جائے۔