بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ کی فلم دھرندر 2 نے سیکڑوں کروڑ کما کر باکس آفس پر بزنس میں ساؤتھ انڈین اسٹار پربھاس کی فلم باہوبلی 2 کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ دھرندر 2 نے باکس آفس کے کئی ریکارڈ توڑ دئیے اور اب یہ فلم شمالی امریکا میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بھارتی فلم بن گئی ہے جس نے 2 ہفتوں میں 2 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز کا بزنس کرکے باہو بلی 2 دی کنکلوژن کا 9سال پرانا ریکارڈ بھی توڑ دیا جس نے 2کروڑ 8لاکھ ڈالرز کمائے تھے۔
باہوبلی سیریز میں ولن کا کردار کرنے والے اداکار رانا دگوپتی کا کہنا ہے کہ میں دھرندر 2 کی کامیابی سے خوش ہوں اور 10سال بعد بھی ایک بڑی کامیابی ملی ہے اور اب بھی ہم امکانات کے ابتدائی مراحل میں ہیں۔ بھارتی فلمیں عالمی ناظرین سے زیادہ منسلک ہوتی نظر آرہی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دھرندر 2 کی کارکردگی باکس آفس پر اب تک شاندار رہی ہے جس نے اپنی ریلیز کے 16ویں روز تک مجموعی طور پر 1 ہزار 148 اعشاریہ 58کروڑ کمائے جبکہ اس کی خالص کمائی 959اعشاریہ 37کروڑ رہی۔ بین الاقوامی سطح پر فلم کی کل کمائی 1 ہزار 523اعشاریہ 58 کروڑ تک جا پہنچی۔
اس کے ساتھ ہی دھرندر 2 دنیا بھر میں 1500کروڑ سے زائد بزنس کرنے والی تیز ترین بالی ووڈ فلم بن گئی۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ دھرندر 2 کراچی کے علاقے لیاری کی گینگ وار پر مبنی 2025 کی بلاک بسٹر فلم دھرندر کا سیکوئل ہے۔ فلم میں رنویر سنگھ کے علاوہ ارجن رامپال، آر مادھون، سنجے دت اور سارہ اجن نے اہم کردار نبھائے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








