پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے تنازع کا شکار پاکستان سمیت بھارت میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والے ڈرامہ سیریل تیرے بن کو نوٹس جاری کردیا۔
پیمرا کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری پریس ریلیز کے مطابق پیمرا نے جیو انٹرٹینمنٹ چینل کے ڈرامہ سیریل تیرے بن میں ’نامناسب مواد‘ نشر کرنے پر تنبیہ نوٹس جاری کیا ہے۔
پریس ریلیز میں لکھا گیا کہ ڈرامے کی 47 ویں قسط میں نامناسب مواد نشر کیا گیا جو کہ پیمرا قوانین اور الیکٹرونک میڈیا ضابطہ اخلاق 2015 کی متعدد شقوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔
نوٹس میں لکھا گیا کہ پیمرا نے چینل کو تنبیہ کی ہے کہ نامناسب مواد کو ڈرامے سے فوری حذف کیا جائے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ اس طرح کا مواد آئندہ کسی بھی قسط میں نشر نہ کیا جائے۔ پیمرا کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ حکم نہ ماننے کی صورت میں چینل کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
گزشتہ دنوں ڈرامہ اس وقت سوشل میڈیا پر تنازع کا باعث بن گیا تھا جب ڈرامے کی 47 ویں قسط کے ٹیزر میں مرتسم اور میرب کے درمیان ازدواجی ریپ کا اشارہ دیا گیا۔ اسی ٹیزر کے بعد کئی دنوں تک سوشل میڈیا پر ڈرامے کے پروڈیوسرز اور لکھاری کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، رواں ہفتے 47 قسط ریلیز ہونے پر ڈرامے پر ایک اور الزام عائد ہوا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شائقین نے ڈرامے میں ’غیر متوقع موڑ‘ پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈرامے کی کہانی کو تبدیل کیا گیا ہے۔
ناظرین جانب سے الزام لگایا گیا کہ ڈرامے کے کچھ سین کو ڈیلیٹ کردیا گیا ہے، اور مرتسم اور میرب کے سین میں مبینہ طور پر ’واٹس ایپ کوالٹی‘ کا وائس اوور شامل کیا گیا ہے۔
تاہم، ابھی یہ بحث سوشل میڈیا پر جاری ہی تھی کہ ڈرامے کی قسط ریلیز ہونے کے 2 روز بعد پیمرا نے جیو انٹرٹینمنٹ کو تنبیہ نوٹس جاری کردیا۔
سوشل میڈیا پر پیمرا کی ٹوئٹ پر صارفین نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پیمرا نے نوٹس جاری کرنے میں بہت دیر کردی، ایک صارف نے لکھا کہ قسط میں تبدیلی ہوگئی ہے، اب کچھ بھی متنازع نہیں ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








