کیا آپ اپنا جی میل ایڈریس بدلنا چاہتے تھے؟ گوگل نے نیا حیران کن فیچر متعارف کروادیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

گوگل نے صارفین کے لیے ایک اہم اور طویل عرصے سے منتظر اپ ڈیٹ متعارف کرا دی ہے جس کے تحت پہلی مرتبہ جی میل صارفین کو اپنا بنیادی ای میل ایڈریس تبدیل کرنے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین اپنی پسند کے مطابق نیا جی میل ایڈریس منتخب کر سکیں گے جو اب تک ممکن نہیں تھا۔

یہ نیا فیچر جی میل سروس کی تقریباً 20 سالہ تاریخ میں پہلی بار متعارف کرایا گیا ہے۔ یہ اپ ڈیٹ گوگل کی جدید اے آئی حکمتِ عملی کا حصہ ہے، جس کے تحت کمپنی اپنی مختلف سروسز، بشمول جی میل اور تصاویر، میں جیمنائی اے آئی کو مزید گہرائی سے شامل کر رہی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اس اپ ڈیٹ کے بعد صارفین کو ہر 12 ماہ میں ایک مرتبہ اپنا بنیادی جی میل ایڈریس تبدیل کرنے کی اجازت ہوگی تاہم ایک صارف مجموعی طور پر صرف تین بار ہی یہ تبدیلی کر سکے گا۔

سائبر سیکیورٹی ماہرین کے مطابق یہ فیچر صارفین کو اپنی ڈیجیٹل شناخت ازسرِنو ترتیب دینے اور آن لائن سیکیورٹی بہتر بنانے میں مدد دے گا۔ نیا ای میل ایڈریس استعمال کرنے اور اسے اہم اکاؤنٹس کے ساتھ منسلک کرنے سے غیر ضروری ای میلز، مارکیٹنگ لسٹس اور پرانے ایڈریس سے جڑی ممکنہ ڈیٹا لیکس کے خطرات میں کمی آ سکتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پرانا ای میل ایڈریس بعد ازاں صرف محدود یا کم استعمال ہونے والی سروسز کے لیے رکھا جا سکتا ہے جبکہ جی میل کے موجودہ فلٹرز اور ایلیاس فیچرز کے ذریعے موصول ہونے والے پیغامات کو بہتر انداز میں منظم کیا جا سکے گا۔

اگرچہ گوگل کا اسپام فلٹر نظام خاصا مؤثر سمجھا جاتا ہے تاہم ماہرین نے صارفین کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے کیونکہ کوئی بھی سسٹم مکمل طور پر محفوظ نہیں ہوتا۔

الفابیٹ کی ملکیت گوگل نے تصدیق کی ہے کہ یہ نیا فیچر مرحلہ وار متعارف کرایا جا رہا ہے۔ اگر کسی صارف کو یہ سہولت فوری طور پر دستیاب نہیں تو امکان ہے کہ آئندہ دنوں میں یہ فیچر اس کے اکاؤنٹ میں بھی شامل کر دیا جائے گا۔

Related Posts